• news

متاثرین کی واپسی کیلئے بھرپور تیاری کی جائے : دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں‘ چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی : آرمی چیف

راولپنڈی (سپیشل رپورٹ +وقت نیوز + این این آئی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ایئر چیف طاہر رفیق بٹ نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ آرمی چیف اور ایئر چیف کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی گئی۔ عسکری قیادت نے اس پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور فوجی افسروں و جوانوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔ آپریشن کے باعث انہیں چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، انہیں چھپنے نہیں دیں گے۔ آپریشن ضرب عضب میں فضائیہ اور زمینی دستوں کی ہم آہنگی متاثرکن ہے۔ عسکری قیادت نے عزم کا اظہار کیا کہ اہداف کے حصول تک آپریشن جاری رہے گا۔ ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ اور پاک فوج کے اشتراک کا نیا معیار قائم ہوا ہے۔ اس دوران آپریشنز میں زمینی فوج کے ساتھ فضائی طاقت کے استعمال کو سراہا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ متاثرین آپریشن کی واپسی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ تمام سول اور فوجی ادارے ملکر انتظامات کریں، جنوبی وزیرستان میں متاثرین کی واپسی 17 اور شمالی وزیرستان سے 31 مارچ سے ہوگی۔ جنرل راحیل شریف نے ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کرکے نشانہ بنایا جارہا ہے، ان کیلئے پاک سرزمین پر چھپنے کی کوئی جگہ نہیں، اہداف کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ متعلقہ کمانڈر اور ایجنسیاں شمالی اور جنوبی وزیرستان کے بے گھر افراد کی رواں ماہ باعزت واپسی کیلئے بھرپور تیاری کریں۔ اس موقع پر انہیں سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ میں جاری آپریشن ضرب عضب اور مستقبل میں آپریشنز کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے آپریشن میں شریک فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ کی مشترکہ کارروائیوں کی نئی سطح حاصل کی گئی ہے گراﺅنڈ آپریشن کے ساتھ فضائی طاقت کو جس موثر طریقے سے استعمال کیا گیا ہے، وہ قابل تحسین ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی کی تمام اقسام سے پاک کریں گے۔ اہداف کے حصول تک دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے متعلقہ کمانڈروں اور ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنز کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی باعزت واپسی کیلئے تیاری کریں۔
آرمی چیف


ای پیپر-دی نیشن