راولپنڈی کے ایک ہی محلے کے 3 دوست سینیٹر بن گئے‘ پرویز رشید‘ مشاہد اللہ اور میاں عتیق کی ملاقات: بچپن کی یادیں تازہ کیں
اسلام آباد (آئی این پی) راولپنڈی کے معروف علاقے کالج روڈ سے تعلق رکھنے والی تین سیاسی شخصیات اس وقت سینیٹر منتخب ہوئی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تینوں شخصیات نہ صرف ایک ہی گورڈن کالج سے تعلیم یافتہ ہیں بلکہ ایک ہی گلی کے رہائشی بھی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید‘ وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اﷲ خان اور ایم کیو ایم پنجاب کے صدر سینیٹر میاں عتیق کا تعلق راولپنڈی کے علاقے کالج روڈ سے ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب پرویز رشید‘ مشاہداﷲ اور میاں عتیق کا آپس میں آمنا سامنا ہوا تو تینوں نے کہا چھاچھی محلہ اور گلی نمبر 12 چھا گئی ہے اور تینوں پڑوسی اور دوست سینٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں اور شاید ہی اس ریکارڈ کو کوئی توڑ سکے گا۔ بعد ازاں میاں عتیق وزیراطلاعات پرویز رشید کے چیمبر میں آگئے اور ان سے ملاقات کی اور بچپن کی یادیں تازہ کیں۔