سجاد سلیم ہوتیانہ تبدیل، صدیق میمن کو سندھ کا نیا چیف سیکرٹری تعینات کردیا گیا
کراچی (این این آئی + نوائے وقت نیوز) وفاقی حکومت نے بالآخر سندھ حکومت کا مطالبہ مان لیا ہے اور چیف سیکرٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ کا تبادلہ کر دیا ہے۔ ان کی جگہ صدیق میمن کو سندھ کا نیا چیف سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کی طرف سے جمعرات کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق سجاد سلیم ہوتیانہ کی خدمات وفاقی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں اور ان کی جگہ چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) صدیق میمن کو سندھ کا نیا چیف سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔ صدیق میمن آج جمعہ کی صبح اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ۔ علاوہ ازیں امتیاز تاجور سیکرٹری تعلیم جبکہ عارف الہیں کو چیئرمین نیشنل شپنگ کارپوریشن تعینات کیا گیا ہے۔