• news

حکومت جوڈیشل کمشن بنائے، تحریک انصاف کو ہاتھ سے پکڑ کر پارلیمنٹ لائینگے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میرا ایوان بالا تک پہنچنا اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے، میں پاکستان کے ان مظلوموں، مجبوروں اور محروموں کی آواز بن کر آیا ہوں جن کی آج تک کسی جگہ شنوائی نہیں ہوئی اور نہ آج تک وہ اپنی فریادیں حکمرانوں کے کانوں تک پہنچا سکے ہیں۔ سینٹ کے رکن کا حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے سراج الحق نے کہا میں پاکستان کے ان لوگوں کا نمائندہ ہوں جن کے سر پر چھت نہیں، رکشہ ڈرائیور، کسان، غریب ہاری اور ریڑھے تانگے والے اب فخر سے عوام کو بتا سکیں گے کہ ان کی بات کرنے والا اور کسی غریب کا بیٹا بھی ملک کے ایوان بالا کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق سراج الحق نے کہا سینٹ الیکشن کے بعد ہم نے حکومت اور اپوزیشن کو تجویز دی تھی کہ وہ سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پر اتفاق رائے سے دو نام تجویز کر دیں لیکن چیئرمین کے نام کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ہمیں اپنا نمائندہ شبلی فراز دینا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سینٹ میں آنے والے نئے مہمان ہیں امید ہے کہ ہمارے میزبان ہمارے ساتھ اچھا برتائو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جوڈیشل کمشن کے قیام کا اپنا وعدہ پورا کرے تو وہ تحریک انصاف کو ہاتھ سے پکڑ کر پارلیمنٹ میں لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بڑے پن کا ثبوت دیتے ہوئے دو قدم آگے بڑھ کر اس ایشوکے خاتمہ اور مسئلہ کے حل کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلح دہشتگردی کے ساتھ ساتھ معاشی اور سیاسی دہشتگردی کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا، کراچی سمیت پورے ملک میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، کراچی کو اسلحہ سے پاک کیاجائے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ رینجرز نے اس جماعت کے خلاف کارروائی کی جس کا گورنر بھی ہے، کراچی میں ہزاروں افراد کو قتل کیا گیا، بلدیہ ٹاؤن میں مزدور جلائے گئے ،12مئی کا واقعہ سب کے سامنے ہے، سیاسی جماعتوں کو مصلحتوں کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کاکوئی مذہب نہیں ہے ،دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحدہے ،دہشتگردکسی بھی جماعت سے ہواس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔

ای پیپر-دی نیشن