شاہد حامد کا قتل میرے شوہر نے نہیں کیا، ڈیتھ وارنٹ کی کاپی بھی نہیں دی جا رہی، صولت مرزا کی اہلیہ کا بیان
کراچی (خصوصی رپورٹر) کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (کے الیکٹرک) کے سابق ایم ڈی شاہد حامد کے قتل میں سزائے موت پانے والے مجرم صولت علی خان (صولت مرزا) کی اہلیہ نے کہا ہے کہ میرے شوہر نے شاہد حامد کا قتل نہیں کیا۔ اس حوالے سے شاہد حامد کی اہلیہ نے عدالت میں دو مختلف بیانات دیئے ہیں جس سے ان کے جھوٹ کا صاف اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ صولت علی خان کو پھانسی دینے کے لئے جو ڈیتھ وارنٹ جاری کئے گئے ہیں اس کی کاپی بھی ہمیں فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ڈیتھ وارنٹ پر عملدرآمد روکنے کے لئے عدالت میں حکم امتناع کی جو درخواست دائر کی گئی ہے اس کی سماعت نہیں ہوسکی۔اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سازش کے تحت میرے شوہر کو پھانسی پر لٹکانے کی کوشش کی جارہی ہے اگر صولت علی خان کو پھانسی ہوئی تو پھر ہمارے گھر سے بھی کئی افراد پھانسی چڑھ جائیں گے جس کی ذمہ دار حکومت وقت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔