• news

پاکستان نے میزائل بردار ڈرون ”براق“ کا کامیاب تجربہ کر لیا، لیزر گائیڈڈ میزائل ”برق“ نے ساکن اور متحرک اہداف کو نشانہ بنایا، دہشت گردی کیخلاف بڑی مدد ملے گی: آرمی چیف

راولپنڈی (سپیشل رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ نیشن رپورٹ) پاکستان نے مقامی طور پر تیار کئے گئے مسلح ڈرون”براق“ اور لیزر گائیڈڈ میزائل ”برق“ کا کامیاب تجربہ کرلیا، مسلح ڈرون براق اور برق لیزر گائیڈڈ میزائل ہر قسم کے موسم میں کارآمد ثابت ہونگے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈرون طیارے سے ساکن اور حرکت کرتے ہوئے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جبکہ لیزر گائیڈڈ میزائل بھی فائر کئے گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈرون براق اور برق لیزر گائیڈڈ میزائل کا تجربہ دیکھا۔ اس موقع پر انہوں نے قوم، انجینئروں اور سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان نے دفاع شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈرون طیارے کی مدد سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں میں اضافہ ہوگا۔ دونوں اپنے اہداف کو انتہائی درست طور پر نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ براق ڈرون اور برق میزائل کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی ان تھک کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے۔ آئیں سب مل کر دفاع میں قوم کو آگے لے جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطاب برق لیزر گائیڈڈ میزائل پاکستان میں بنائے گئے براق ڈرون کے ذریعے فائر کیا گیا جس نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اپنے اپنے شعبوں میں پاکستانیوں کو آگے بڑھنا ہے، یہ تجربہ ایک تاریخی کامیابی ہے، پاکستان نے دفاعی جنگ میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم میاں نوازشریف نے بھی قوم کو اور انجینئرز اور سائنسدانوں کو کامیاب تجربہ پر مبارکباد دی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان امریکہ سے کئی بار مطالبہ کر چکا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف براہ راست ڈرون حملے کرنے کی بجائے امریکہ پاکستان کو ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کرے، جسے استعمال کرکے پاکستان دہشت گردوں کا صفایا کر سکے۔ براق کی تیاری اس حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ بی بی سی کے مطابق اس سے پہلے پاکستان نے سٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل ”رعد“ نامی کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ دفاعی ماہرین اسے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی میں اہم پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق براق کا اردو میں مطلب ہوا میں اُڑنے والا گھوڑا جبکہ برق کے معنی بجلی کی رفتار سے چلنے والا ہے۔ آن لائن کے مطابق پاکستان مسلح ڈرون بنانے والے ملکوں میں شامل ہو گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ڈرون اور میزائل کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن