• news

جو وقت گزر گیا اب اس پر کیا مایوس ہونا‘ کرکٹ میں واپسی پر خوش ہوں‘ فارم بحال کرونگا : محمد عامر

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے آئی سی سی کی پابندی کے خاتمے کے بعدگزشتہ روز کرکٹ کی دنیا میں دوبارہ قدم رکھ دیا ہے۔آئی سی سی نے سپاٹ فکسنگ کے الزام میں محمد عامر پر پانچ برس کے لیے بین الااقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی اور حال ہی میں انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اجازت ملی ہے۔ محمد عامر راولپنڈی میں پی سی بی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ٹورنامنٹ پیٹرنزگریڈ ٹو ٹرافی کے ایک میچ میں عمر ایسوسی ایٹس کی جانب سے شریک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیائے کرکٹ میں واپسی پر وہ بہت خوش ہیں۔ جب مجھ پر پابندی لگی تھی اس وقت میں عروج پر تھا۔ جب بھی آپ کو موقع ملے تو اچھا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور میں اچھا کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔اب ساڑھے چار سال تو واپس نہیں لا سکتا لیکن میری کوشش ہے کہ آنے والا وقت میرے لیے بہتر ہو۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقدہ میچ میں عامرنے پہلے سپیل میں تین کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا۔عامر نے کہا کہ ’شکر ہے کہ میرا پہلا سپیل کافی اچھا ہوا ہے۔ ٹورنامنٹ میں ابھی مزید تین میچ کھیلنے ہیں اور میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں۔ جو وقت گزر گیا اب اس پر کیا مایوس ہونا۔ مجھے موقع ملا ہے اور میں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہوں۔ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرے۔پاکستانی ٹیم میں اس وقت جو کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہی بہترین کھلاڑی ہیں۔ ان کی دعائیں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں۔


ای پیپر-دی نیشن