• news

سپیکر ایاز صادق کی چیئرمین سینٹ رضا ربانی سے ملاقات‘ مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (آئی این پی+اے پی پی) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے قائم مقام صدر اور چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی سے ملاقات کی اور انہیں بلا مقابلہ چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور قومی اسمبلی اور سینٹ کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور تمام امور پر مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر نے کہا پارلیمنٹ کی بالادستی اور 1973 کے آئین کی بحالی میں میاں رضا ربانی نے اہم کردار ادا کیا اور 18ویں ترمیم کی سابق دور حکومت میں منظوری اور تیاری میں ان کا مرکزی کردار تھا۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ وہ چیئرمین کے طور پر غیر جانبدارانہ طریقے سے ایوان کو چلائیں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا ہے۔دریں اثناءقائم مقام صدر و چیئرمین سینٹ میاں رضا ر بانی نے اپنے دفتر میں مبارک بادیں وصول کیں، اور دن بھرقائم مقام صدر و چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو متفقہ طور پر چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد ینے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ رضا ربانی کو گلدستے بھی پیش کئے گئے۔ انہوں نے پہلے روز سینٹ سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، ملازمین سے گھل مل گئے اور مسائل سے آگاہی حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن