جرم کرنیوالے کسی بھی شخص کیساتھ مجرم کی طرح کا برتائو ہوگا:پرویز رشید
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جو بھی شخص کسی جرم کاارتکاب کریگا اسکے ساتھ مجرم کی طرح برتاو کیا جائے گا اور اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی ، وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی دہشت گرد یا جرائم پیشہ افراد کو معاف نہیں کیا جائیگا۔ شالیمار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں میڈیا الیون اور آسٹریلین ہائی کمیشن الیون کی ٹیموں کے درمیان چیریٹی کرکٹ میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر تے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ حکومت معاشرے سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔واضح لائن کھینچ دی گئی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد ایک طرف جبکہ مسلح افواج، تمام سیاسی جماعتیں، قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور میڈیا دوسری طرف ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف ملک کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور سیاسی وابستگی نہیں تمام سیاسی جماعتیں، مسلح افواج ،قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور میڈیا ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ آرمی پبلک سکول کے طلبہ ہمارے اپنے بچے ہیں، پوری دنیا ان کیلئے محبت اور پیار کے جذبات رکھتی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے کرکٹ ورلڈ کپ اپنے پچھلے دو میچوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے باقیماندہ میچوں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔ اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر پیڈ ہاورڈ نے میڈیا الیون اور آسٹریلین ہائی کمیشن الیون کو مبارکباد دی اور اس میچ کے انعقاد پر آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا۔