جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی کی جیلوں میں 21مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری
لاہور +جھنگ+ گوجرانوالہ+ راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات اور اڈیالہ جیل کے 21 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں قید سزائے موت کے مزید 3 قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے گئے، انہیں 17 مارچ کو پھانسی دیدی جائیگی۔ مبشر ولد عزیز، ریاض ولد خان اور شریف ولد خان محمد کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم ہوا تھا۔ ملزموں نے تمام عدالتوں سے اپیلیں خارج ہونے کے بعد صدر کے پاس رحم کی اپیل دائر کر رکھی تھی جو چند روز قبل خارج ہو گئی تھی۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت فیصل آباد نے ملزموں کی پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کیلئے انکے بلیک وارنٹ جاری کردئیے جس کے مطابق ملزمان کو 17 مارچ کو صبح 5 بجے جھنگ جیل میں پھانسی دی جائیگی۔ دریں اثنا گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنٹرل جیل میں قتل کے مجرم کو 17 ما رچ کو تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔ ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج نے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے۔ ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان نے تھانہ سٹی وزیر آبادکے مقدمہ قتل میں ملوث مجرم محمد اقبال کی صدر، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ سے رحم کی اپیلیں خا رج ہو نے پر اسکے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے 17 ما رچ کو تختہ دار پر لٹکا نے کا حکم دیدیا۔ استغا ثہ کے مطا بق مجرم محمد اقبال نے 13 اگست 1996ء کو گھر یلو جھگڑے پر رشتہ دار محمد شریف کو قتل کردیا تھا جسے جرم ثابت ہونے پر 19 اکتوبر 1998ء کو ایڈیشنل سیشن جج راجہ عبدالقیوم نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 13 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے گئے۔ دو مجرموں کو 17 مارچ اور 4 کو 18 اور 4 کو 19 مارچ کو پھانسی پر لٹکایا جائیگا۔ تین مجرموں کی پھانسی کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق سیشن کورٹ لاہور نے قتل کے مجرم اظہر محمود کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے۔ عدالتی حکم کے مطابق اظہر محمود کو 18 مارچ کو گجرات جیل میں پھانسی دی جائیگی۔ اظہر محمود نے دیرینہ عداوت پر گجرات کے سلیم نامی شخص کو قتل کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیرینہ عداوت پر گجرات میں سلیم نامی شخص کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم اظہر محمود کی صدر کی جانب سے رحم کی اپیل مسترد ہونے پر جیل حکام نے سیشن کورٹ لاہور میں اظہر محمود کے ڈیتھ وارنٹ کیلئے درخواست دائر کی تھی جس پر سیشن کورٹ لاہور نے مختصر سماعت کرتے ہوئے اظہر محمود کی پھانسی کیلئے 18 مارچ کا دن طے کیا ہے۔دریں اثناء آن لائن کے مطابق سنٹرل جیل میانوالی میں بند سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سزائے موت کے دو قیدیوں کو17مارچ اور ایک قیدی کو 18 مارچ کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا‘ 2 قیدیوں ظفر کا تعلق علاقہ بھلوال جبکہ رب نواز کا تعلق سرگودھا سے ہے ‘ جیل ذرائع کے مطابق ظفر اور ربنواز کو17 مارچ کو صبح پھانسی دی جانی ہے جبکہ میانوالی کے علاقہ چکڑالہ سے تعلق رکھنے والے احمد نوا ز کو18مارچ کو پھانسی دی جائے گی۔ جیل ذرائع کے مطابق اس کا بھی ڈیتھ وارنٹ جیل حکام کو وصول ہو گیا ہے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سیشن جج لیہ کی جانب سے مجرم اصغر کے ڈیتھ وارنٹ سنٹرل جیل کو موصول ہو گئے۔ مجرم کو 17 مارچ کو سنٹرل جیل ڈی جی خان میں پھانسی دی جائیگی۔