گوجرانوالہ: محنت کش کی سربریدہ بوری بند، حافظ آباد سے مغوی کی نعش برآمد
گوجرانوالہ/ حافظ آباد (نمائندہ خصوصی/ نمائندہ نوائے وقت) گوجرانوالہ سے محنت کش نوجوان کی سر، ٹانگیں، بازو کٹی بوری بند اور حافظ آباد سے مغوی شخص کی نعش برآمد۔ تفصیل کے مطابق تھانہ دھلے کے علا قہ جی ٹی روڈ کے قریب واقع شاپنگ مال کے عقب سے سر، ٹانگیں اور بازو کٹی بوری بند نعش برآمد ہو ئی جسے اطلاع ملنے پر دھلے پولیس نے پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطا بق نعش کی شناخت احمد شہزاد سکنہ لدھیوالہ وڑائچ کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول اعوان چوک کے قریب سی این جی سٹیشن پر ملازم تھا جو کہ دوروز قبل کام پر آیا اور واپس گھر نہیں گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو کسی اور جگہ پر قتل کرکے اسکی شناخت چھپا نے کیلئے سفاک قاتلوں نے دھڑ اور ایک بازو بوری میں بند کرکے جی ٹی رو ڈ کے قریب پھینک دیا۔ حافظ آباد کے نواحی گائوں بھڑی چٹھہ کے رہائشی احسان اللہ کو 28 فروری کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا اور اسے قتل کرنے کے بعد اسکی نعش کیو بی لنک نہر میں پھینک دی۔ 14 روز بعد مقتول احسان اللہ کی نعش چوکی حمید پورہ کے قریب سے برآمد کرلی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق احسان اللہ کے اغوا اور قتل کے سلسلہ میں تفتیش جاری ہے، چند افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔