• news

مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے نئے سینیٹرز رواں ہفتے وفاقی وزراءکا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے نئے سینیٹرز رواں ہفتے وفاقی وزراءکا حلف اٹھائیں گے۔ پرویز رشید اور مشاہد اللہ کو انکی سابقہ وزارتوں کے ہی قلمدان دئیے جائیں گے۔ مولانا غفور حیدری کی خالی ہونے والی وزارت پوسٹل سروسز مولانا عطاءالرحمن کو دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔ معتبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف کو اس بات پر قائل کر لیا ہے غفور حیدری کے ڈپٹی چیئرمین سینٹ بننے کے بعد پوسٹل سروسز کی وزارت جے یو آئی (ف) کو ہی دی جائے جو مولانا فضل الرحمان کے بھائی سینیٹر مولانا عطاءالرحمان کو سونپی جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سینٹ میں قانون سازی اور دیگر معاملات پر غفور حیدری کے تعاون کے بدلے جے یو آئی (ف) کو پوسٹل سروسز کی وزارت دوبارہ دیئے جانے پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب نئے بننے والے سینیٹر پرویز رشید اور مشاہد اللہ کو ان کی سابقہ وزارتوں بالترتیب وزارت اطلاعات اور وزارت موسمی تبدیلی کے ہی قلمدان سونپے جائیں گے۔ رواں ہفتے میں صدر مملکت ممنون حسین تینوں سینیٹرز سے وفاقی وزراءکا حلف لیں گے اور اسی روز ان تینوں سینیٹرز کو انکی متعلقہ وزارتوں کے قلمدان سونپ دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن