• news

کراچی: وکیل کے پولیس اہلکار بھائی نے گونگے بہرے سرکاری ملازم کو قتل کرکے قوت سماعت و گویائی سے محروم بیوہ کی دنیا بھی اندھیر کر دی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں پولیس اہلکار نے گونگے بہرے جوڑے کی خوشیاں چھین لیں، گونگے بہرے سرکاری ملازم کو گولیاں مار کر قتل اور اسکے 3 بچوں کو یتیم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایم سی میں ملازم خورشید گزشتہ دنوں دفتر جانے کیلئے گھر سے نکلا تو محلے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا۔ ایڈووکیٹ خالد رحیم کے گھر کی تجاوزات گرانے پر اسکے بھائی پولیس اہلکار طاہر رحیم نے بلدیہ کے عملے پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر ڈی ایم سی کا گونگا بہرہ ملازم خورشید دم توڑ گیا۔ خورشید نے گونگی بہری خاتون رضوانہ سے شادی کی تھی جس سے 3 بچے ہیں ایک بیٹی بھی گونگی بہری ہے۔ رضوانہ کی دنیا بھی شوہر کے اچانک بچھڑ جانے پر اندھیر ہو گئی، وہ اشاریوں کنایوں میں صحافیوں سے آنکھوں میں آنسو لئے فریاد کرتی رہی کہ اسکے سر کی چھت چھیننے والوں کو آخر کب سزا ملے گی۔ پولیس نے ایڈووکیٹ خالد کو گرفتار کر لیا تھا مگر وہ اگلے روز ضمانت پر رہا ہو گیا جبکہ فائرنگ کرنیوالے اسکے پولیس اہلکار بھائی طاہر رحیم کو کورنگی پولیس اب تک نہیں پکڑ پائی۔

ای پیپر-دی نیشن