• news

مسیحی برادری کے غم میں شریک ہیں، شہبازشریف: مرنیوالوں کے ورثا کے لئے5,5 لاکھ رروپے کا اعلان

لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوحنا آباد میں خودکش دھماکوں کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے ہلاک اور زخمی افراد کیلئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔ ہلاک ہونیوالے افراد کے ورثاء کو 5، 5 لاکھ فی کس جبکہ زخمیوں کو 75،75 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین اور مسیحی برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت دہشت گردوں کا آخری ٹھکانے تک ان کا پیچھا کریگی اور وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ہدف پاکستان اور پاکستان کے عوام ہیں اور پوری قوم انکے خلاف متحد ہے۔ 18 کروڑ عوام ملک سے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خاتمے کا پختہ عزم کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا غیرمتزلزل عزم کمزور نہیں کرسکتیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے، تمام متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کمربستہ ہوجائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویجیٹیبل آئل اور گھی کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کا فائدہ ہر صورت عوام تک پہنچایا جائے اور نئی قیمتوں کا اطلاق پورے صوبے میں یقینی بنایا جائے تاکہ اس ضمن میں فراہم کئے جانے والے ریلیف کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جاسکیں۔ وہ سول سیکرٹریٹ میںویڈیو لنک کے ذریعے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے گئے فیصلے کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے متعلقہ ادارے دن رات محنت کریں اور مفاد عامہ کیلئے کئے گئے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے تاہم اس ضمن میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے شبانہ روز محنت کرکے قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے پر متعلقہ صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری سمیت سیاسی و انتظامی ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے قیمتوں میں کمی پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی۔ سیکرٹری صنعت نے ویجی ٹیبل آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات پر بریفنگ دی۔ مزید برآں شہبازشریف کے احکامات پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اعلیٰ سطحی اجلاس وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر کامران مائیکل‘ چیف سیکرٹری پنجاب‘ انسپکٹر جنرل پولیس‘ ہوم سیکرٹری اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں سانحہ یوحنا آباد کے مختلف پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں سکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنانے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف نے راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبہ ہر حال میں 31 مارچ تک مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔

ای پیپر-دی نیشن