حملہ آور نے چرچ کے سامنے دکاندار سے معلومات لیں: سکیورٹی گارڈ نے بڑے نقصان سے بچا لیا: عینی شاہدین
لاہور (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) لاہور کے علاقہ یوحنا آباد میں خود کش حملہ کرنے والا چرچ کے سامنے دوکاندار آکاش سے دھماکے سے قبل گپ شپ کر تا رہا‘چرچ میں آنے والے شرکاء کی تعداد کے حوالے سے معلومات لیں۔ نیلے پینٹ کوٹ میں ملبوس کلین شیو نوجوان تھا جس کی عمر 20 سے 22 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ آکاش کے مطابق حملہ آور چرچ کی جانب روانہ ہوا جب سکیورٹی گارڈز نے اسے گیٹ پر روکا تواس نے خود کو مین گیٹ پر ہی دھماکے سے اڑا لیا۔ عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آور نے شیو کر رکھی تھی اور اس کی عمر 20 سے 22 سال کے درمیان تھی۔ ایک اور عینی شاہد نے کہا کہ حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسیحی برادری عبادت میں مصروف تھی کہ خودکش دھماکہ ہو گیا اگر خودکش حملہ آور چرچ کے اندر داخل ہو جاتا تو ہلاکتون کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا۔ ایک مسیحی رہنما نے الزام لگایا ہے کہ حملے کے وقت سرکاری سکیورٹی اہلکار میچ دیکھنے میں مصروف تھے جبکہ چرچ کے پرائیویٹ گارڈ نے حملہ آور کو اندر جانے سے روک کر بڑی تباہی سے بچا لیا۔