• news

2 افراد کو جلانے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم، مسیحی برادری صبر کا دامن نہ چھوڑے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے کی امن وامان خصوصاً یوحنا آباد دھماکوں کے تناظر میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یوحنا آباد میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اس واقعہ کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے، وطن عزیز میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے۔ چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، نسل یاطبقے سے ہو اور ہر شہری کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور اس ضمن میں فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ اعلیٰ پولیس حکام خود اس سلسلے میں سکیورٹی کے تمام انتظامات کا جائزہ لیں۔ مسیحی ہمارے بھائی ہیں۔ ان کے حقوق اورگرجا گھروں کا تحفظ کیا جائے گا۔ تمام عبادت گاہوں کا سکیورٹی آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ میں دو افراد کو زندہ جلانے والوں کو گرفتار کیا جائے اوران کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پنجاب حکومت تمام واقعے کی مکمل تحقیقات کراکے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ مسیحی برادری احتجاج کرنے میں حق بجانب ہے، تاہم احتجاج کرتے ہوئے انہیں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو دھماکوں کے بارے میں ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ شہباز شریف کی صدارت میں ایک اور اجلاس میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے سیوریج سکیم رحیم یارخان میں تاخیر اور لائیوسٹاک کی دو سکیموں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ شہباز شریف نے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی سیوریج سکیم رحیم یار خان میں تاخیر کے ذمہ داروں، ڈیزائن اور دیگر وجوہات کی بنا پر ہونے والے نقصان کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مفادعامہ کے اس بڑے منصوبے میں تاخیرکسی قیمت پر قابل قبول نہیں۔ مجرمانہ غفلت برتنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ لائیو سٹاک کے فروغ سے قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے قطر کے سفیر صقر بن مبارک محمد صقر المنصوری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک قطر تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے سفیر نے یوحنا آباد دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔شہباز شریف نے خواجہ حسن نظامی دہلوی کے صاحبزادے اور درگاہ حضرت نظام الدین اولیائؒ کے بزرگ سجادہ نشین خواجہ حسن ثانی نظامی دہلوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن