سانحہ یوحنا آباد ملک و ملت پر حملہ ہے، مسیحی برادری پر امن ہے: مذہبی و سیاسی رہنما
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) مذہبی اور سیاسی رہنمائوں نے لاہور میں2 گرجا گھروں پر خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ یوحنا آباد ملک و ملت پر حملہ ہے دہشت گرد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں پاکستان کے مسلم اور غیر مسلم سمیت تمام شہریوں کو تحفظ ملنا چاہیے 2 افراد کو زندہ جلانے کا واقعہ بھی قابل مذمت ہے دشمن قوتیں پاکستان میں شام اور عراق جیسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ مسیحی برادری پرامن رہے، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک سے بہترتعلقات ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، جے یو آئی نے ہمیشہ ملک میں جاری جمہوری عمل کی مضبوطی کیلئے کام کیا ہے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے۔ سانحہ یوحنا آباد ملک و ملت پر حملہ ہے وطن عزیز میں اقلیتوں کے جان و مال کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ دہشت گرد کبھی مساجد، مزار، دفاعی تنصیبات اور چرچ کو نشانہ بناتے ہیں، دہشت گرد کہیں بھی ہو، کوئی بھی نشانہ بنے، پاکستان پر حملہ ہے دہشت گرد پاکستان کو عدم استحکام کا شکارکرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں غیر مسلموں کیخلاف کوئی مذہبی منافرت نہیں، پاکستان کے مسلم اور غیر مسلم سمیت تمام شہریوں کو تحفظ ملنا چاہیے۔ غیر مسلموں کیلئے اقلیتوں کی اصطلاح درست نہیں، کسی پر بھی حملہ ہو ہر پاکستانی کو دکھ محسوس کرنا چاہیے۔ دہشت گردوں کوپکڑنا اور قرار واقعی سزا دینا حکومت اور عدلیہ کا کام ہے۔علاوہ ازیں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یوحنا آباد میں چرچوں پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بے گناہ انسانیت کا قتل کرنے والوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد خان لغاری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، حافظ کاظم رضا، محسن رضا قمی، علامہ ایوب صفدر، مولانا محمد مشتاق لاہوری، مولانا عبد القیوم ،مولانا اشفاق پتافی ،مولانا حسین آزاد،قاری عبد الحکیم فادر جیمز چنن،فادر عنایت برنارڈ،،ہندو رہنما ڈاکٹر منور چاند ،سکھ رہنماء سردار شام سنگھ،پادری عمانوایل کھوکھراوردیگر بھی موجود تھے۔ قائدین نے کہا کہ کوئی بھی مسلک اور مذہب کسی بھی بے گناہ انسان کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں شام اور عراق جیسے حالات پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ مولانا محمد خان لغاری اور علامہ حسن رضا قمی نے کہا کہ گزشتہ روز دو افراد کو زندہ جلائے جانے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں نے امن پسند شہریوں اور امن کیلئے جدوجہد کرنے والی جماعتوں اور اداروں کو کمزور کیا ہے ۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے سانحہ لاہور کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے پاکستان اور اسلام دشمنوں کی گھنائونی سازش قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن شازیہ اشفاق مٹو نے کہا ہے کہ پوری قوم جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور مسیحی برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسلام نے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا ہے ، خودکش حملے کرنے والوں کا کوئی دین نہیں، یہ خارجی لوگ ہیں، گرجا گھروں پر حملے پاکستان اور اسلام دشمنوں کی گھنائونی سازش ہیں۔