خراب موسم یا مسیحیوں کا احتجاج؟، وزیراعظم موٹر وے سیکشن کا افتتاح کرنے گوجرہ نہ جا سکے
لاہور + گوجرہ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) خراب موسم یا مسیحیوں کا احتجاج، وزیراعظم موٹر وے سیکشن کا افتتاح کرنے گوجرہ نہ جا سکے جس کے بعد قائم مقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال خاں نے موٹروے ایم فور فیصل آباد گوجرہ سیکشن کا افتتاح کیا۔ ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری، رانا محمد افضل، میاں عبدالمنان، میاں محمد فاروق، غلام بی بی بھروانہ، آئی جی موٹروے محمد سلیم بھٹی، ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر) نسیم نواز، آر پی او احسان طفیل، سی پی او فیصل آباد سہیل تاجک اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے پروگرام کے مطابق اس سیکشن کا افتتاح کرنا تھا تاہم وزیراعظم ہائوس ذرائع کے مطابق محمد نوازشریف نے خراب موسم کے باعث پروگرام تبدیل کیا جس کے بعد قائم مقام گورنر کو موٹروے سیکشن کا افتتاح کرنے کیلئے بھیجا گیا۔ وزیراعظم کی آمد کے حوالے سے بھاری اخراجات کرکے گوجرہ میں خصوصی انتظامات اور 5 ہیلی پیڈ تیار کئے گئے جبکہ پولیس بھی جگہ جگہ متعین رہی۔ ادھر یوحنا آباد دھماکوں پر وزیراعظم کے سامنے احتجاج کرنے کیلئے مسیحی افراد سڑک کنارے جمع ہوئے مگر وزیراعظم کے دورے کا پروگرام تبدیل ہونے پر انکا احتجاج پھیکا پڑگیا ادھر شریف فیملی کی شوگر ملز کی طرف سے عدم ادائیگی پر گنے کے کاشتکاروں نے نوازشریف کی آمد پر پرامن احتجاج کا پروگرام بنایا پولیس نے احتجاج کی کال دینے پر نیشنل مسلم لیگ کے رہنما سابق ایم این اے امجد علی وڑائچ کو حراست میں لے لیا ان کی گرفتاری کیخلاف کارکنوں اور کاشتکاروں نے ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ، میاں طارق محمود کی قیادت میں وڑائچ ہائوس سے ریلی نکالی اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو موٹروے کی طرف بڑھنے سے روک دیا چودھری بلال اصغر وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گنے کے کاشتکاروں کو فوری ادائیگیاں کرائے اور ان کے بھائی امجد علی وڑائچ کو رہا کرے۔