سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے نہ کراچی آپریشن کسی پارٹی کے خلاف: خورشید شاہ
جیکب آباد(آن لائن) سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کوئی گورنر راج نہیں لگ رہا، سندھ میں گورنر راج لگانا آسان نہیں، گورنر راج ہو یا مارشل لاء پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس کے خلاف جدوجہد کی ہے، کراچی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ کی نگرانی میں آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے کسی پارٹی کے خلاف نہیں۔ رینجرز بغیر کسی فرق کے کارروائی کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑہی خیرو میں استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے گودام گندم سے بھرے ہوئے ہیں مگر گندم باہر سے منگوائی جارہی ہے۔ ایران کے ساتھ گیس کا معاہدہ کیا گیا آدھے میں روک دیا گیا ہے اگر اب بھی منصوبہ مکمل کیا جائے تو 8لاکھ نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔