• news

سوات : گھر میں کھلونا بم پھٹنے سے باپ2 بچوں سمیت جاں بحق

سوات+ پشاور (بی بی سی اردو+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) خیبر پی کے کے ضلع سوات میں گھر میں کھلونا بم پھٹنے سے باپ اپنے 2 بچوں سمیت جاں بحق ہوگیا۔ دھماکے میں دو مزید بچے زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے مدین بشی گرام میں ایک شخص ظہور محمد باہر سے ایک کھلونا نما چیز گھر پر لے آیا جو اچانک پھٹ گیا جس کے باعث ظہور محمد اور اسکا 7 سالہ بیٹا اور 9 سالہ بیٹی دم توڑ گئے جبکہ 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی اہل علاقہ اور ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ علاوہ ازیں اندرون شہر پشاور میں پولیس نے سرچ آپریشن میں 60 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کریں۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 10 افغان باشندے شامل ہیں۔ افغان باشندوں کیخلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔ادھر قومی شاہراہ مستونگ پر ٹرک پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ اے پی پی کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان نے صوبے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ پولیس کیساتھ مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران جوائنٹ روڈ کوئٹہ سے 8 مشتبہ افرادگرفتار کرلئے گئے۔ دریں اثناء فرنٹیئر کور بلوچستان نے حب کے علاقے لیڈا چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تیل کی سمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے مختلف مسافرکوچوں سے 12000 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن