یوحنا آباد میں 2افراد کو زندہ جلانے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور+ کراچی (وقائع نگار خصوصی+ وقائع نگار) لاہور ہائیکورٹ میں یوحنا آباد دھماکوں کے بعد بغیر ٹرائل اور نشاندہی پر دو مشکوک شہریوں کو زندہ جلانے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ شہری ناصر رسول کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں افراد کو تشدد کر کے قتل کیا گیا، پھر ان کی نعشیں جلا دی گئیں۔ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ قانون کسی ملزم کی ماورائے عدالت ہلاکت کی قطعی اجازت نہیں دیتا۔ یہ پولیس اور انتظامیہ کی ذمہ داری تھی کہ وہ ان افراد کا تحفط کرتے۔ درخواست میں فاضل عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ دو افراد کو زندہ جلانے کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمشن قائم کرنے کا حکم دیا جائے۔