خیبر پی کے : عوام کے تمام جائز مطالبات پورے کرینگے: عمران خان
اسلام آباد (صباح نیوز + نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے دھرنا اس لئے دیا تھاکہ عوام اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں خوشی ہے آپ بھی اپنے مطالبات کیلئے یہاں تک آئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کے عوام کے تمام جائز مطالبات حل کرینگے۔ ناجائزمطالبات کیلئے جتنے بھی لوگ لے آئیں وہ کبھی پورے نہیں ہونگے۔عمران خان نے کہا کہ گیس چوری کرنے والوں کو بھی پکڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کو کرک کے نمائندوں سے میٹنگ کریں گے۔ گزشتہ روز بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ پر کرک سے آئے مظاہرین سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ اپنے مسائل سے آگاہ کرنے کیلئے چار افراد بھی بھیجتے تو میں ان کی بات سنتا۔ عمران خان نے کہا کہ آئل ریفائنری کے حوالے سے بھی آپ کو خوشخبری دینگے لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح کے عوامی مسائل حل کرنا بلدیاتی نمائندوں کا کام ہے۔ بلدیاتی الیکشن ہوجاتے تو آپ کو یہاں آنے کی ضرورت نہیں تھی۔ کرک کے عوام کا رائلٹی کا مسئلہ حل ہونا چاہئے۔ مسائل کا حل نکالنے کیلئے ماہرین سے مشاورت کریں گے۔ عمران خان کی یقین دھانی کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا کوئی جائز مسئلہ صوبائی حکومت حل نہ کرے تو اتنے لوگوں کو یہاں آنے کی ضرورت نہیں تھی۔خیبر پی کے کے شہر کرک میں گیس پانی اور بجلی کی عدم فراہمی اور تیل کی رائلٹی نا ملنے پر کرک سے آئے ہوئے مظاہرین گزشتہ رات سے عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے دھرنا دیئے ہوئے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے جب تک عمران خان یقین دھانی نہیں کرادیتے دھرنا ختم نہیں ہوگا۔ جس کے بعد عمران خان دوپہر ایک بجے مظاہرین سے ملنے آئے اور خطاب کیا۔