نائن زیرو سے گرفتار 25 افراد سے اہلخانہ کی ملاقات کی درخواست مسترد
کراچی( صباح نیوز)ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹرز نائن زیرو سے رینجرز چھاپے کے دوران 25 گرفتار افراد کے اہلخانہ کی ملاقات کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔عدالت کے فیصلہ کے بعد ملزمان کے اہل خانہ 90روز تک ان سے ملاقات نہیں کرسکیں گے کیونکہ ان ملزمان کو عدالت نے90دن کے جسمانی ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیا تھا۔ منگل کے روز ملزمان کے وکلاء نے ان کے اہلخانہ کی جانب سے ملاقات کی درخواستیں دائر کیں ان ملزمان میں فیصل موٹا، فرحان،شبیر عرف ملا، عبید کے ٹو اور دیگر شامل ہیں۔ ملزمان کے اہلخانہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان کو اپنے بچوں،بھائیوں اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے ۔رینجرز کے لاء آفیسرنے موقف اختیار کیا کہ ملزمان اس وقت زیر تفتیش ہیں اس لیے ان سے ملاقات کی اجازت دینا مناسب نہیں جب ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے یا ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے تو اس وقت اہلخانہ کو ان سے ملنے کی اجازت ملنی چاہیے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تمام اہلخانہ کی ملزمان سے ملنے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔