• news

ایم کیو ایم کو الطاف حسین اور عسکری ونگ سے الگ کرنا ہوگا: عمران

اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نائن زیرو سے اشتہاری قاتل اور اسلحہ پکڑا گیا، ایم کیو ایم کو الطاف حسین اور عسکری ونگ سے الگ کرنا ہوگا، حکومت چاہے تو الطاف حسین کو لندن میں سزا ہوسکتی ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں لوگوں کو قتل کرارہے ہیں، الطاف حسین کے مسلح لوگ لوگوں کو قتل کررہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے لوگ الطاف حسین سے تنگ آچکے ہیں۔ الطاف حسین کو پہلے مشرف حکومت پھر زرداری حکومت نے بچایا۔ 1996ء میں نوازشریف ایم کیو  ایم کی مدد کر رہے تھے، اب آصف زرداری کر رہے ہیں، سٹیٹس کو جماعتیں مفاد کیلئے اکٹھی ہو جاتی ہیں۔ آصف علی زرداری کو اقتدار میں آکر پیسہ بنانا  ہوتا ہے، پیپلزپارٹی کے لوگ بھی آصف علی زرداری کو چھوڑ جائیں گے،آصف علی زرداری، نوازشریف، الطاف حسین اور فضل الرحمان کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے تو پتہ چل جائیگا، اقتدار میں آنے سے پہلے اور اب ان کے پاس کتنے اثاثے ہیں۔یہاں ٹیلنٹ کو پالش نہیں کیا جاتا۔ تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کبھی کسی کو دھمکیاں نہیں دیں۔ عمران خان نے ہمیشہ کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی ہے۔ الطاف حسین بیان دینے سے پہلے حقائق کا جائزہ لے لیا کریں، انکا بیان حقائق کے منافی ہے۔ جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حسین احمد نے الطاف حسین کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن پر خودکش حملے ہوئے مگر انہو ںنے ملک نہیں چھوڑا۔ الطاف حسین بھی ہمت کرکے وطن واپس آہی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن