شکیل آفریدی کے سابق وکیل سمیع اللہ سپردخاک، قتل کی ابتدائی رپورٹ تیار، پشاور ہائیکورٹ بار کی ہڑتال
پشاور (صباح نیوز+ آن لائن) پشاور میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کے سابق وکیل سمیع اللہ آفریدی پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو تھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے، حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ نہیں تھی، حملے میں تیس بور کی پستول استعمال ہوئی۔ سمیع اللہ آفریدی کو چار گولیاں پیٹ اور گردن میں لگیں۔ مزید برآں آن لائن کے مطابق سمیع اللہ ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف پشاور ہائیکورٹ بار کی کال پر گزشتہ روز ہڑتال کی گئی۔ پشاور ہائیکورٹ نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے باعث عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔ سمیع اللہ آفریدی کو گزشتہ روز اپنے آبائی علاقے میں سپردخاک کر دیا گیا ان کے نمازجنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے موثر ترین انتظامات کئے گئے تھے۔