• news

بھارت: پہلی مسلمان خاتون سلویٰ فاطمہ نے کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کرلیا

نئی دہلی (اے پی پی+نیٹ نیوز) بھارت میں ایک مسلمان خاتون نے کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کرلیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق26سالہ سیدہ سلویٰ فاطمہ    بھارت کی پہلی مسلمان خاتون ہیں جنہوں نے کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا ہے۔انکا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ فاطمہ نے کہا  ہے کہ وہ بچپن سے ہی پائلٹ بننا چاہتی تھیں اپنے اسی عزم کے ساتھ انھوں نے تعلیم جاری رکھتے ہوئے کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا۔ ان کاکہنا ہے کہ میں ایوی ایشن سے متعلق اخباری آرٹیکلز اکٹھے کرتی رہتی تھی اور گھنٹوں تک ان پر مختلف طیاروں کی تصاویر دیکھا کرتی تھی۔ انہوں نے پرائیویٹ پائلٹ اور فلائٹ ریڈیو  ٹیلیفون آپریٹر کالائسنس بھی حاصل کررکھا ہے۔ یہ سب کمرشل لائسنس حاصل کرنے کے لئے ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مختلف کام تھا جس جانب میری توج مبذول ہوئی میں عام لوگوں سے ہٹ کر کچھ کرنا چاہتی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں تصور نہیںکرسکتی تھی کہ میں یہ سب کچھ سیکھوں گی۔ ان کے والد سید اشفاق احمد ایک بیکری پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بیٹی کیلئے سب کچھ کیا انہیں اپنی بیٹی پر فخر بھی ہے۔ فاطمہ کا کہنا ہے کہ روزنامہ سیاست کے ایڈیٹر زاہد علی خان نے میری بہت مدد کی۔ میری ایک تقریب میں ان سے ملاقات ہوئی انہیں اپنی کہانی سنائی اور انہوں نے مجھے پائلٹ بننے کیلئے مالی امداد کی پیشکش کی، انکی شکر گزار ہوں۔ فاطمہ آندھرا پردیش میں سخت تربیتی مراحل سے گزریں اور سیسنا 152اور172 پر 200 فلائنگ آور مکمل کئے، 123 گھنٹے سولو فلائنگ کی۔ اب وہ مزید تربیت لیکر ائر بس اور بوئنگ طیاروں کی پائلٹ بننا چاہتی ہیں۔ دریں اثنا ’’دی نیوز منٹ‘‘ کے ایڈیٹر کا کہنا ہے کہ بنگلور کی سارہ صبا حمید اس سے قبل طیارے اڑا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن