پاکستان کی کامیابی پر سعیداجمل کا سیمی فائنل کھیلنے کاامکان
لاہور( نمائندہ سپورٹس)جادوگرآف سپنر سعید اجمل کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں کھیلنے کا امکان روشن ہوگیاہے۔ قومی کرکٹ کے کوارٹرفائنل جیتنے پرزخمی محمد عرفان کی جگہ سعید اجمل کو بھیجا جاسکتاہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل جمعہ کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جا رہاہے۔طویل قامت لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عرفان کولہے کی انجری کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ لیکن ٹیم انتظامیہ نے اب تک محمدعرفان کا متبادل طلب نہیں کیا۔ ٹیم کے کوارٹرفائنل جیتنے پرسعید اجمل کو بھیجا جاسکتاہے جس کی تصدیق چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے بھی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بولنگ ایکشن کلیئرہونے کے بعد سعید اجمل قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے دستیاب ہیں اورجمعے کو کوارٹرفائنل جیتنے پر انہیں آسٹریلیا بھیجا جاسکتاہے۔سعید اجمل نے آخری ون ڈے انٹرنیشنل اگست میں سری لنکامیں میزبان ٹیم کیخلاف کھیلاتھا۔ مشکوک ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی کی پابندی کے بعد آف اسپنر دو آفیشل بائیو مکینکس ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تھے۔