پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے ایم این اے عبدالرحیم مندوخیل قومی اسمبلی میں بند مائیک کے آگے 45منٹ بولتے رہے
اسلام آباد (آن لائن) پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم مندوخیل قومی اسمبلی میں بند مائیک کے آگے 45 منٹ بولتے رہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بار بار منع کرنے کے باوجود وقفہ سوالات کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر تقریر کے لئے وقت مانگتے رہے ایم این اے نے اپنے پارٹی لیڈر محمود خان اچکزئی کی بھی نہ سنی۔ عبدالرحیم مندوخیل وقفہ سوالات کے دوران ضابطہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور بند مائیک کے آگے بولنا شروع کردیا۔ آخر کار سپیکر کو ضابطہ کی خلاف ورزی کرنا پڑی اور ان کا مائیک 45 منٹ بعد کھول دیا اور ان کو نقطہ اعتراض پر بولنے کی اجازت دے دی۔ عبدالرحیم مندو خیل نے اس دوران کہا کہ صوبہ بلوچستان میں عملاً قانون پر عمل داری نہیں اور آئین پر عمل درآمد نہیں ہورہا اور آئین کے ذریعے قانون پر عملدرآمد نہیں کروایا جا رہا۔