• news

الطاف حسین کو رینجرز‘ انٹیلی جنس اداروں کیخلاف بیان بازی کا کوئی حق نہیں: عابد شیر

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ الطاف حسین کو کوئی حق نہیں کہ وہ رینجرز اور ہماری انٹیلی جنس اداروں کے خلاف بیان بازی کریں، جو ہتھیا ر نائن زیرو سے برآمد ہوئے وہ تو ہماری فوج کے پاس بھی نہیں ہیں، کراچی میں آپریشن صرف دہشت گردوں کے خلاف ہے دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی سمیت پورے ملک میں دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کا عہد کر رکھا ہے دہشت گردوں کی سپورٹ کرنے والوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اس حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کردار قابل تعریف ہے انہو ں نے کہا کہ الطاف حسین بیان دینے سے پہلے سوچ لیا کریں کہ وہ کیا کہنے جا رہے ہیں نائن زیرو سے برآمد شدہ اسلحہ نیٹو کا چوری کردہ ہے اگر ان کے پاس لائسنس ہے تو یہ پتا لگانا ہو گا کہ اتنے جدید ہتھیاروں کے لائسنس جاری کیسے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر ہماری سیکیورٹی فورسز ، رینجرز اور آئی ایس آئی کے خلاف بیانات دے کر بدنام کر رہے ہیں، ان کے بیانات دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایم کیو ایم کے دفتر نائن زیرو پر چھاپہ مار کر رینجرز نے نیٹو کا چوری شدہ اسلحہ، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا ہے، ٹارگٹ کلرز نے کراچی میں بے گناہ لوگوں کا خون بہایا ہے، ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کہتے ہیں کہ ہماراان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، پھر وہ گرفتار دہشت گردوں کے حق میں بیانات کیوں دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن