راولپنڈی اور میانوالی میں 2 بھائیوں سمیت 4 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی
راولپنڈی+ میانوالی+ ملتان+ بہاولپور (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) میانوالی اور اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 4 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی۔ 3 روز میں پھانسیاں 25 ہو گئیں۔ اڈیالہ جیل میں 3 مجرموں کو پھانسی دی گئی ہے، گلستان خان تھانہ کلر سیداں میں قتل کا مجرم تھا۔ گلستان خان نے دو افراد کو کلر سیداں میں قتل کیا تھا، محمد اصغراورغلام محمد دونوں بھائی تھے اور دونوں پر تھانہ جاتلی میں قتل کے مقدمات درج تھے۔ میانوالی سنٹرل جیل میں عبدالستار خان کو پھانسی دے دی گئی۔ عبدالستار کی سزا پر 24 برس بعد عملدرآمد ہوا۔ عبدالستار خان نے 1988ء میں زمین کے تنازعہ پر عزیز جہاں نامی شخص کو قتل کر دیا تھا۔ عبدالستار کی معافی کیلئے آخری وقت تک کوششیں جاری رہیں، اسے گزشتہ روز آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دریں اثناء سنٹرل جیل ملتان میں 24 مارچ میانوالی اور بہاولپور میں 25 کو دو، دو مجرموں کو پھانسی دی جائیگی۔ میانوالی جیل حکام کے مطابق جرار حسین نے 2000ئ، محمد، محمد خان نے 2001ء میں مخالفین کو قتل کیا تھا۔ بہاولپور میں غلام یٰسین اور لونے خان کو تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔ جیل حکام کو ڈیتھ وارنٹ موصول ہو چکے ہیں۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ایوب عرف محبوب انصاری کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے ہیں اسے 25 مارچ کو سنٹرل جیل لاہور میں پھانسی دی جائے گی۔