• news

ائر چیف مارشل سہیل امان نے فضائیہ کی کمان سنبھال لی، دشمنوں پر کاری ضرب لگارہے ہیں: طاہر رفیق

لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+سٹاف رپورٹر) فضائیہ کے نئے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے گزشتہ روز سبکدوش ہونے والے ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ائر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ تبدیلی کی پروقار تقریب میںپاک فضائیہ کی کمانڈ حاصل کی ۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان کو صدرِ پاکستان کی جانب سے 18مارچ 2015کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ نامزد کیا گیا۔اس تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے سبکدوش ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے نئے ائیر چیف مارشل سہیل امان کو کمان کی تلوار دی اور ایئر چیف مارشل کے رینک بھی لگائے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ائیر چیف نے کہا کہ گزشتہ تین سال چیلنجز سے بھرپور تھے اور عملی طور پر ہم ایک ایسے دور میں تھے جہاں تسلسل اور مضبوطی کی ضرورت تھی۔ ہمارے پیش رو نے جس طرح محنت اور لگن سے جو منصوبہ بندی کی اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جدید صلاحیت کو بروئے کار لائے۔ ائر چیف نے مزید کہا کہJF-17 Block II کی پیداوار کے علاوہ ان طیاروں کو کمبیٹ کمانڈر سکول میں شامل کرکے ان کی صلاحیت کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ JF-17 Block III طیاروں میں مزید بہتری کے لئے حکومت پاکستان کی رضا مندی بھی جلد حاصل کرلی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تینوں افواج کے درمیان موجودہ با ہمی ہم آہنگی کی مثال نہیں ملتی امدادی سرگرمیاں ہوں یا آپریشن ضربِ عضب ہو مسلح افواج مادرِوطن کا دفاع نا قابلِ تسخیر بنانے میںاپنا کردار ادا کررہی ہیں۔مزید برآں آن لائن کے مطابق ائرفورس ہیڈ کوارٹر میں پاک فضائیہ کے سربراہ کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سبکدوش ائیر چیف طاہر رفیق بٹ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ میں پاک فضائیہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ضرب عضب اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کو حکومت کا بھرپور تعاون رہا ہے۔ ائیرفورس نے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ امید ہے سہیل امان پاک فضائیہ کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں گے اور پاک فضائیہ کو موثر ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر سہیل امان کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن