• news

وادی تیراہ: بمباری ، 20 دہشت گرد ہلاک: ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، ایک اہلکار شہید

خیبرایجنسی+پشاور+کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں +بیورو رپورٹ) خیبرایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹرز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 20 دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام اور تحریک طالبان سے ہے۔ وادی تیراہ کے علاقے سندنہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی جا رہی تھی کہ اچانک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہو گیا جبکہ تین اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کو اڑا یا گیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 11 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ ایف سی حکام نے بتایا ہے سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ کے قریب سے گزر ہی تھی کہ اچانک سرنگ کو اڑا دیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر بارودی سرنگوں اور شدت پسندوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر پشاور میں رنگ روڈ پر پولیس اور کار لفٹرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک کار لفٹر جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ کار لفٹر مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے خودکار ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کر لیا جبکہ حب میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل قبضے میں لے لیا۔ مذکورہ ایرانی ڈیزل مند، تربت اور گوادر سے کراچی سمگل کیا جا رہا تھا۔ ایک اور کار کارروائی میں فرنٹیئر کور اور دالبندین میں چیکنگ کے دوران 10 غیرقانونی افغان باشندوں کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا۔ ادھر کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے ہرنائی کے علاقے میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث 2 کانکن جاں بحق ہو گئے۔ لیویز ذرائع نے بتایا کہ ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں واقع کوئلہ کان میں کام کے دوران اچانک زہریلی گیس بھر گئی اور 2 کانکن منیر زمان اور اختر زمان دم گھٹنے سے دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار تین افراد پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزیدبراں حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے مری کیمپ اور ہزار گنجی میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران راکٹ لانچر، دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ای پیپر-دی نیشن