طالبان اور دہشت گردوں کی سرکوبی کی بجائے ایم کیو ایم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے: الطاف
کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں خودکش بم دھماکے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں دو رینجرزکے اہلکاروںکی شہادت اور دیگر اہلکاروں اور راہگیروںکے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ طالبان اور دیگر کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد اس سے قبل بھی نارتھ ناظم آباد میں رینجرز کے ہیڈکوارٹر اور پولیس و رینجرزکی موبائلوںکو نشانہ بنا چکے ہیں، آج پھر رینجرزکی موبائل کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دوسری جانب یہ دہشت گرد عناصر مساجد، امام بارگاہوں، سکولوں اور دیگر سرکاری تنصیبات کو بھی مسلسل نشانہ بنارہے ہیں مگر یہ امر افسوسناک ہے کہ ان طالبان اور کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی سرکوبی کرنے کے بجائے ایم کیو ایم کونشانہ بنایا جا رہا ہے۔ الطا ف حسین نے خودکش بم دھماکے میں شہید ہونے والے رینجرز کے اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں اور راہگیروں کی صحتیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ آخر قوم کو یہ کون بتائے گا کہ ان دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے کون سے طاقتور عناصر ہیں جن کے چہرے کبھی بے نقاب نہیں ہوتے۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بوہری برادری کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
الطاف