ورلڈ کپ میں سفر کے ساتھ مصباح الحق اور شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئر بھی ختم
ایڈیلیڈ (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کی شکست کے ساتھ ہی کپتان مصباح الحق اور آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کا ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر بھی اختتام پذیر ہو گیا۔ دونوں کھلاڑی کیرئیر کے اختتام کو یاد گار نہ بنا سکے اور کپتان مصباح الحق کے کیرئر کا 162 واں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ تھا۔ مصباح الحق نے 42 نصف سنچریوں کی مدد سے 5122 رنز سکور کئے۔ اسی طرح آل رائونڈ شاہد خان آفریدی جنہوں نے اپنے کیرئر کا 398 ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلا وہ بھی اب ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے آخری میچ میں 18 رنز بنائے جبکہ 398 ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 8 ہزار 59 رنز سکور کئے جس میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں۔