• news

بھارت بنگلہ دیش کا کوارٹر فائنل فکس تھا صدر آئی سی سی: بیان افسوسناک ہے چیف ایگزیکٹو: ڈھاکہ میں پاکستانی امپائر کیخلاف احتجاج، پتلے نذر آتش

ڈھاکہ (آن لائن+اے ایف پی) بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر مصطفی کمال نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میچ میں 'اپنی ٹیم کے خلاف امپائرنگ' پر عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دیدی ہے۔ بھارت کے خلاف بنگلہ دیش کی شکست کے بعد کمال نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امپائرز کے فیصلے 'پہلے سے طے شدہ' تھے اور وہ اس معاملہ کو آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں اٹھائیں گے۔ 'بطور آئی سی سی صدر، مجھے جو کہنا ہے وہ میں اگلے اجلاس میں کہوں گا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ میں مستعفی ہو جاؤں'۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امپائرنگ کا معیار اچھا نہیں ہے ۔ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سینکڑوں بنگلہ دیشی کرکٹ پرستاروں نے پاکستانی امپائر علیم ڈار کے پتلے نذر آتش کرتے ہوئے دارالحکومت ڈھاکا میں احتجاجی مارچ کیا۔ پہلی دفعہ کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے بعد ہندوستان کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو109 رنز کی شکست کے بعد یہ احتجاجی مظاہرین امپائرز اور آئی سی سی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ بنگلہ دیش میں اس غم و غصے کی وجہ میچ میں 137 رنز کی اننگ کھیلنے والے روہت شرما کو نوے رنز پر اس وقت چانس ملا جب ہندوستانی بلے باز کے اچھالے گئے شاٹ کو مڈوکٹ پر فیلڈر نے کیچ کرلیا مگر امپائر علیم ڈار اور آئن گولڈ نے بظاہر قانونی ویسٹ ہائی ڈیلیوری کو نو بال قرار دے دیا۔ پرستاروں نے میچ کے دیگر دو واقعات پر بھی احتجاج کیا جن میں بنگلہ دیش کے ایونٹ میں سب سے بہترین بلے باز محمد محمود اللہ کا متنازع آئوٹ بھی تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے صدر مصطفی کمال کے اس بیان کو افسوسناک قرار دیا ہے جو انہوں نے بھارت اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کے بعد امپائر علیم ڈار اور ای این گلڈ کے بارے میں دیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مصطفی کمال کا بیان جو انہوں نے اپنی ذاتی حیثیت میں دیا افسوس ناک ہے۔ انہیں تنقید کرتے ہوئے اس چیز کو ذہن میں رکھنا چاہئے تھا کہ آئی سی سی کے میچ آفیشلز کی ساکھ پر انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی۔ رچرڈسن نے کہا ہے کہ نو بال کا فیصلہ ففٹی ففٹی تھا اور کھیل کی روح یہ کہتی ہے کہ امپائر کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے جس کا احترام کیا جانا چاہئے۔ مصطفی کمال کی صدارت کی مدت جون میں ختم ہو رہی ہے ان کی جگہ پاکستان کے نجم سیٹھی آئی سی سی کی صدارت سنبھالیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن