جرم کے وقت شفقت 13نہیں 23سال کا تھا:پولیس ریکارڈ‘ بڑی بڑی مونچھیں تھیں جنہیں تائو دیتا رہتا تھا:عینی شاہدین
کراچی (صباح نیوز) معصوم بچے کا قاتل شفقت حسین جرم کرتے وقت 13 نہیں 23 سال کا تھا۔ 7 سالہ بچے کو اغوا کے بعد قتل کرنے کے جرم میں پھانسی کے سزا یافتہ مجرم شفقت حسین کی گرفتاری کے فوری بعد تصویر اور ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہے۔ 2004ء میں گرفتاری کے فوری بعد کھینچی گئی تصویر میں شفقت حسین کے چہرے پر داڑھی اور مونچھیں واضح طور پر دکھائی دے رہی ہیں۔ پولیس کریمنل آفس ریکارڈ کے مطابق مجرم کا پورا نام شفقت حسین قریشی ولد شاہ زمان ہے اور اسکی عمر23 سال اور قد 5 فٹ 8 انچ ہے۔ ریکارڈ میں مجرم کا رنگ گورا، بال سیاہ درج ہیں۔ گرفتاری کے وقت بھی شلوار قمیض میں ملبوس تھا اور پتہ مکان نمبر 502 ای، نیو سبزی منڈی یونیورسٹی روڈ درج ہے۔ وہ اُردو اور ہندکو زبان بولتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق گرفتاری کے وقت شفقت حسین 20 سے 22 سال کا تھا اور اسکی بڑی بڑی مونچھیں تھیں۔وہ اپنی مونچھوں کو تائو بھی دیتا تھا، چھوٹے لڑکے کی مونچھیں اتنی بڑی نہیں ہوتیں جبکہ 13 سال کا لڑکا چوکیداری کیسے کر سکتا ہے۔