کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘ اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی: کور کمانڈر
کراچی)آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ)کراچی میں خود کش حملے میںشہید ہونیوالے اہلکاروںکو سپردخاک کردیا گیا۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیاں رینجرز کو اپنے مقاصد کے حصول سے نہیں روک سکتیں۔ شہید دو اہلکاروں کی نماز جنازہ رینجرز ٹریننگ سینٹر ٹول پلازہ میں ادا کی گئی جس میں ڈی جی رینجرز ،کورکمانڈر نوید مختار اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر جنرل نوید مختار نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہر میں قیام امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر قسم کی قربانی دیں گے اور اس ناسور کا خاتمہ کر کے رہیں گے، جوانوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کور کمانڈر نے کہا کراچی آپریشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، مشن پورا ہوگا۔ کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے اور امن بحال کیا جائیگا اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔