• news

31 ارب روپے سے 50 ہزار گاڑیوں کی تقسیم کا آغاز: معاشی ترقی کا ہدف حاصل ہو گا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے نوجوانوں کو باعزت روز گار کی فراہمی کیلئے پاکستان کی سب سے بڑی ’’اپنا روز گار سکیم‘‘ کا گزشتہ روز باقاعدہ افتتاح کردیا۔ ’’وزیراعلیٰ پنجاب اپنا روز گار سکیم‘‘ کے تحت 31 ارب روپے کی خطیر رقم سے 50 ہزارخوش نصیب افراد میں آسان شرائط پر گاڑیوں کی تقسیم کے عمل کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے ’’اپنا روز گار سکیم‘‘کے تحت خوش نصیب مرد وخواتین میں گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ شہبازشریف نے  خوش قسمت مرد و خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پڑھے لکھے بے روز گار نوجوانوں کیلئے پنجاب حکومت نے پاکستان کی سب سے بڑی ’’اپنا روز گار سکیم‘‘ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ 3 برس قبل مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 10ارب روپے کی مالیت سے نوجوانوں میں 20 ہزار گاڑیاں میرٹ پر تقسیم کی تھیں جس کا ریکوری ریٹ 99.9 فیصد ہے۔ ’’اپنا روز گار سکیم‘‘ صوبے کی تیز رفتار ترقی میں اہم کردارادا کریگی جس سے صوبے میں نہ صرف روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پید ا ہوںگے بلکہ معاشی ترقی کا ہدف بھی حاصل ہوگا۔ ’’اپنا روز گار سکیم‘‘ کے تحت صرف 50 ہزارافراد کو نہیں بلکہ 50 ہزارخاندان اپنے پائوں پر کھڑے ہو کر باعزت روز گار کمائیں گے اور معاشرے کو بوجھ بانٹیں گے، مجموعی طور پر 3 لاکھ سے زائد افراد اس سکیم سے براہ راست مستفید ہوںگے جبکہ بلاواسطہ طور پر لاکھوں افراد کو معاشی فوائد ملیںگے، اس سکیم کے بے پناہ معاشی ثمرات ہیں اور صوبے کی ترقی میں یہ سکیم ممدو معاون ثابت ہوگی۔ سکیم میں پنجاب حکومت کی سابق سکیموں کی طرح شفافیت، میرٹ اور معیار کو ملحوظ خاطر رکھا گیاہے اور پچھلے ساڑھے 6 برس کے دوران شفافیت اور میرٹ کی حکمرانی پنجاب حکومت کا طرۂ امتیاز رہاہے۔ کسی کو بھی سفارش یا اقربا پروری پر گاڑی الاٹ نہیں کی گئی جس کی گواہی خوش نصیب افراد نے اپنی گفتگو میں خود دی ہے اور یہی اس سکیم کی سب سے بڑی خوبی اور کامیابی ہے جس کا کریڈٹ پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم کو جاتا ہے،گاڑیاں حاصل کرنیوالے خوش نصیب افراد آسان شرائط پر ماہانہ اقساط ادا کریں گے۔ جن خوش نصیبوں کا شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے گاڑیوں حاصل کرنے والوں کی فہرست میں نام نکلاہے انہیں ایک پائی بھی سروسز چارجز کی مد میں ادا نہیں کرنے پڑیں گے بلکہ تمام سروسز چارجز پنجاب حکومت خود برداشت کریگی ۔ ’’اپنا روز گارسکیم‘‘ صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے۔ پنجاب حکومت نے 50 ہزار گاڑیوں کے پیکیج کے حوالے سے 2  ارب روپے سے زائد کی کمی کرائی ہے اور جب ڈالر کے مقابلے میں ین سستا ہوا تو اسکا فائدہ بھی لیا گیا او راس مد میں 40 کروڑ روپے کم کرائے گئے۔ پنجاب حکومت نے کمپنی کے ساتھ بات چیت کر کے 2 ارب 40 کروڑ روپے کم کرائے اور عوام کیلئے اربوں روپے کے وسائل بچائے،  نوجوانوںکو مزید بااختیار بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کو ٹاسک سونپا گیا ہے اور ہمارا عزم ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو مزید با اختیار بنا کر انہیں معاشی ترقی کا مفید حصہ بنانا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ وسائل عوام کی امانت ہیں اور ایک پائی بھی بچانا ہماری ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت کا یہ وژن ہے کہ وسائل عوام کے قدموں تلے نچھاور کئے جائیں۔ انہوں نے کہا پاکستانی خواتین کو میدان عمل میں آنا چاہئے اور ترقی اور خوشحالی کی گاڑی کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ معاشی، سماجی اور معاشرتی ناہمواریاں ختم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ جیسے تاریخ ساز انقلابی اقدامات ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، طبقاتی کشمکش کو دور کرنے کے حوالے سے بھی ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ ممد و معاون ثابت ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ساڑھے 6 برس کے دوران عوامی فلاحی منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں اور میں سوچ رہا ہوں کہ اس بارے میں جلد پریس کانفرنس کروں۔ پرائس کنٹرول کمیٹی سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات عوام کو منتقل کئے جارہے ہیں، قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہئے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ وزیراعلیٰ سے لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل یوبورن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک چین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ ڈائون سینڈروم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈائون سینڈروم کے مرض میں مبتلا خصوصی بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے معروف شاعر ماجد صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن