2015ء تبدیلی کا سال ہے ‘ حکومت میں بیٹھے مسلح گروپوں کیخلاف پہلے کارروائی کی جائے: عمران
بنوں (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی پر جوڈیشل کمشن کا قیام پاکستانی عوام کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے۔ پہلی بار الیکشن کا آڈٹ ہوگا پتہ چلے گا کون مجرم ہے، کس نے الیکشن میں دھاندلی کی، سب سے پہلے حکومت میں بیٹھے مسلح گروپوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ عمران خان آئی ڈی پیز کیمپ بکا خیل سمیت پانچ برس سے بند گرلز سکول کا افتتاح کرنے بنوں پہنچے تھے۔ الیکشن میں دھاندلی پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن بننے سے ملک میںجمہوریت آگے بڑھے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آرمی سکول حملے کے بعد دو کل جماعتی کانفرنسز ہوئیں اور دونوں میں متحدہ بھی شریک تھی لیکن دونوں کانفرنسوں میں ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔کل جماعتی کانفرنس میں طے ہوا تھا کہ کوئی مسلح گروپ برداشت نہیں کیا جائیگا۔ دھاندلی کے حوالے سے ہم سارے ثبوت پیش کریں گے، سوائے 1970 ء کے پاکستان کے تمام انتخابات متنازع تھے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن کی تحقیقات ہوگی، جوڈیشل کمشن کی تشکیل کا فیصلہ عوام کے دبائو اور دھرنے کی وجہ سے کیا گیا، صوبے میں سکولوں اور ہسپتالوں کیلئے نیا نظام لارہے ہیں، بنوں میں 2002ء سے بند سکول شہری کی شکایت پر کھول دیا جبکہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو 3 ماہ میں مکمل طور پر بدل دیں گے۔کرپٹ حکمرانوں کے اثاثے بیرون ملک پڑے ہیں۔ تعلیم کے بجائے میٹرو منصوبے پر پیسہ لگایا جارہا ہے، کرپٹ حکمران باریاں لے رہے ہیں جو لوگ قرضے لیتی ہے اسکی کون عزت کریگا، حکمرانوں کے اپنے لئے اور عوام کیلئے الگ الگ قانون ہیں۔ 2013ء میں تبدیلی کا سال شروع ہوا تھا، 2015ء میں تبدیلی کا سال آگیا ۔ پاکستان کا نظام ٹھیک نہیں، یہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، چھ فٹ لمبا عرفان 32 سال کی عمر میں کھیلتا ہے جب بائولر ریٹائر ہورہا ہوتا ہے۔ مصباح کو 34 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ کھلائی جب کھلاڑی ریٹائر ہورہے ہوتے ہیں ۔ ایسا نظام لائوں گا کوئی پاکستان کو شکست نہیں دے سکے گا۔ نوجوان بہت مایوس ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں شکست کھاگئے، خیبر پی کے نیب بڑے بڑے چوروں کا احتساب کریگا۔ خیبر پی کے میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ ہورہا ہے۔ عمران نے کارکنوں کو ’’گونواز گو‘‘ کے نعرے لگانے سے روکدیا۔ یوتھ کنونشن سے خطاب میں عمران نے کہا کہ نوجوان تحریک انصاف کا جنون ہیں ۔ نوجوانوں کیساتھ ملکر بنوں کی تقدیر بدل دیں گے، نوجوانوں کیساتھ ملکر ان لوگوں کو شکست دیں گے جو ملک میں کرپشن کرتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں ان لوگوں کو شکست فاش کریں گے جس کی ضمیر کی قیمت صرف ڈیزل کے پرمٹ کی قیمت ہے۔ تحریک انصاف خطے میں کرپشن اور نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کررہی ہے، خطے میں ترقی بدعنوانی کے خاتمے سے ہی ممکن ہے، بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف صوبے بھر میں کلین سویپ کریگی۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں عمران نے کہا ہے کہ اسمبلی میں جانے کا فیصلہ کور کمیٹی کریگی۔ این اے 122 میں دھاندلی ثابت ہو چکی ہے۔ جوڈیشل کمشن کے پاس اختیار ہو گا کسی کو بھی طلب کر سکتا ہے۔ تین حلقے نادرا کے پاس پہنچ چکے ہیں۔ ہمار احتساب کسی کو نہیں بخشے گا۔