• news

یوم پاکستان کل جوش و جذبہ سے منایا جائیگا اسلام آباد میں پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل موبائل فون سروس جزوی معطل

اسلام آباد+ راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں) یوم پاکستان کل ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائینگی اور مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام اور تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائینگے جبکہ 23 مارچ پر مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریوں کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں جزوی طور پر موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے، موبائل فون سروس دہشت گردی کے خطرات کے باعث معطل کی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پریڈ ایونیو پر یوم پاکستان پر پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل جاری ہے، 23 مارچ کو ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں عروج پر ہیں، پریڈ کی تیاریوں کے باعث ملحقہ علاقوں میں جزوی طور پر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔ موبائل فون سروس 23 مارچ کو بھی معطل رہے گی۔ پریڈ کے مقام کی جانب جانے والے تمام راستے بھی بند کردئیے گئے۔ ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پریڈ کے مقام کی حفاظت کیلئے پاک فوج اور اسلام آباد پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ سات سال بعد بحال کی جا رہی ہے۔ پریڈ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور تینوں سروسز چیف شریک ہونگے جبکہ غیر ملکی اہم شخصیات اور سفیروں کو بھی مدعو کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن