• news

لاہور:ماڈل اریبہ کی قبر کشائی،نعش ورثاء کے حوالے،سیالکوٹ میں سپردخاک

لاہور+ سیالکوٹ (وقائع نگار خصوصی+سٹاف رپورٹر+ نیوز ڈیسک+ نامہ نگار) لاہور کے علاقے ماڈل ٹائون میں 2 ماہ قبل زہر دیکر قتل کی جانیوالی ماڈل اریبہ عرف عبیرہ اقبال کی نعش گذشتہ روز میانی صاحب قبرستان میں قبرکشائی کے بعد نکال کر اسکے ورثا کے حوالے کردی گئی۔ مقامی عدالت نے اریبہ کے بھائی فہد کی درخواست پر نعش اسکے حوالے کرنے کیلئے قبر کشائی کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ روز پولیس کی بھاری نفری اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کشائی ہوئی جس کے بعد اریبہ کی نعش اسکے ورثا سیالکوٹ لے گئے جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کوکا کولا فیکٹری سے ملحقہ قبرستان میں مقتولہ کو سپردخاک کردیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ لوگوں کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ دریں اثنا اریبہ کی سہیلی ماڈل ازمیٰ رائو عرف طوبیٰ جس نے زہر دیکر اریبہ کو قتل کیا تھا ملزمہ اور اسکے دو ساتھیوں بنک آفیسر فاروق الرحمان اورحکیم ذیشان حیدر جس نے طوبیٰ کو سائنائیڈ زہر فراہم کیا تھا کے جوڈیشل ریمانڈ میں مقامی عدالت نے مزید 14 روز کی توسیع کردی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ کینٹ کی رہائشی 22 سالہ اریبہ جس کا اصل نام عبیرہ اقبال تھا، لاہور کے کالج میں بی ایس سی کرنے آئی اور ایک نجی ہاسٹل میں قیام پذیر تھی۔ اس دوران اسکی دوستی ایک ہوٹل میں فیشن شو کے دوران دوسری ماڈل طوبیٰ سے ہوئی۔ طوبیٰ جو کرائے کے گھر میں ماڈل ٹائون رہتی تھی، اریبہ کو سہیلی بنا کر اپنے ساتھ رہنے پر قائل کرلیا۔ اریبہ ہاسٹل چھوڑ کر اسکے ساتھ رہنے لگی، اس دوران طوبیٰ نے اپنے شوہر بابر بٹ جس سے اسکی علیحدگی ہوچکی تھی، کو زہر دیکر مارنے کیلئے اریبہ کو اکسایا تاہم مقتولہ کے انکار پر اسے ہی زہر جوس میں ملاکر پلا دیا اور نعش بیگ میں بند کرکے 12 جنوری کو شیراکوٹ کے ایک بس سٹینڈ پر چھوڑ آئی تھی۔ پولیس نے ملزمہ کو اریبہ کے فون ریکارڈ کی مدد سے ٹریس کرکے حراست میں لے لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن