کراچی میں رینجرز‘ پولیس سے مقابلے‘6 دہشت گرد ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے منگھو پیر غازی گوٹھ میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گذشتہ رات سرچ آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد مارے گئے 3 کو گرفتار کرلیا گیا جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ملزموں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور لٹریچر برآمد ہوا ۔ دریں اثناء اورنگی ٹائون کے علاقے فرید پہاڑی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں سمیت 10 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا گیا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی سیل کے عملے نے قصبہ کالونی میں آپریشن کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کے 3 دہشت گردوں احسان اللہ ولی اللہ اور دوست محمد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلئے۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹائون میں طوری بنگش چوکی کے قریب انسداد دہشت گردی سیل کے اہلکاروں کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد مارے گئیٗ 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔