مذاکرات سے مسائل کا حل جمہوری عمل کی مضبوطی کی علامت ہے: زرداری
کراچی (آن لائن) سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعہ طے ہونا جمہوری عمل کی مضبوطی کی علامت ہے، اس پالیسی کو جاری رہنا چاہئے تاکہ تمام مسائل جمہوری انداز میں حل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمن ملک سے ملاقات میں کیا جنہوں نے ہفتہ کو بلاول ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمن ملک نے سابق صدر کو وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمشن پر ہونے والے اتفاق رائے سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے اس موقع پر کہا مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعہ طے ہونا جمہوری عمل کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اس پالیسی کو جاری رہنا چاہئے تاکہ تمام مسائل جمہوری انداز میں حل ہو سکیں۔ پیپلز پارٹی بھی ملک میں جمہوری عمل کی مضبوطی کے لئے مفاہمتی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تمام مسائل کے حل کے لئے سیاسی قوتوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔