امن اور خوشحالی کے لئے ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے: آرمی چیف
راولپنڈی (آن لائن + نوائے و قت نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا،کور ہیڈکوارٹر پشاور کے دورہ کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہری اور دور دراز علاقوں سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ملک میں قیام امن اور خوشخالی کیلئے ہر قیمت پر دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب، خیبر ایجنسی میں جاری کارروائیوں اور فاٹا میں سکیورٹی صورت حال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ خفیہ مقامات پر چھپے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ختم کر کے متاثرہ علاقوں کی رونقیں بحال کی جائیں گی ۔ پاک فوج آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ میں زخمی فوجی جوانوں کی عیادت کی اور جوانوں کے بلند حوصلہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کا بلند مورال فوج اور قوم کا اثاثہ ہے۔