بصیرپور: موٹر سائیکل رکشہ کو کچل کر کوسٹر الٹ گئی، خالہ، بھانجا سمیت 3 جاں بحق
بصیرپور (نامہ نگار) کوسٹر موٹر سائیکل رکشہ کو کچلتی ہوئی کھیتوں میں الٹ گئی، خالہ بھانجے سمیت تین افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔ موٹر سائیکل رکشہ کا ڈرائیور عمیر پاکپتن سے آنیوالے ایک ہی خاندان کے مرد و خواتین کو لیکر بصیرپور سے رکن پورہ جارہا تھا کہ بھٹہ چوک کے قریب رکشہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر غلط سائیڈ پر سامنے سے آنیوالی مسافر کوسٹر کے سامنے آگیا جس کا ڈرائیور حواس پر قابو نہ رکھ سکا اور کوسٹر رکشہ کو کچلتی ہوئی کھیتوںمیں الٹ گئی جس سے رکشہ ڈرائیور عمیر، مسافر 30 سالہ بلقیس بی بی اسکا 4 سالہ بھانجا زین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اسکی بہن روبینہ، بہنوئی شہزاد، انور بی بی اور رکشہ ڈرائیور عمیر سمیت کوسٹر و رکشہ کے 26 مسافر زخمی ہوگئے جنہیں قریبی آبادیوں سے لوگوںنے پہنچ کر کوسٹر اور رکشہ سے نکالا اور رورل ہیلتھ سنٹر سمیت مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا جہاں سے چار زخمی لاہور ریفر کردئیے گئے جبکہ دیگر کو مقامی ہسپتالوں میں طبی امداد دی گئی۔ کوسٹر ڈرائیور موقع سے زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔ بصیرپور پولیس نے حادثہ کا مقدمہ درج کرلیاہے۔ مزید برآں لاہور کے خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بصیر پورکے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔