• news

وادی تیراہ میں فضل اللہ کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تصدیق نہیں ہوئی، گورنر خیبر پی کے: کالعدم تحریک طالبان کی تردید

پشاور (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹی ہے۔ ضرب عضب کے خوف سے طالبان گروہوں کی متحد ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وادی تیراہ میں ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تاہم ابھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے‘ 3,2 روز میں آپریشن کے نتائج سامنے آجائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا طالبان ضرب عضب کے بعد متحد ہو رہے ہیں اور اطلاعات ہیں وادی تیراہ میں طالبان اکٹھے ہونے لگے ہیں۔ افغان سرحد میں طالبان کو نقل حرکت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سرحدی حدود میں طالبان کی نقل حرکت کی روک تھام کے لئے افغان حکومت کا کردار مثبت ہے۔ مزید برآں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ملا فضل اللہ کی ہلاکت سے متعلق اطلاعات کی تردید کی ہے۔ ترجمان جماعت احرار کا کہنا ہے فضل اللہ کی ہلاکت کی اطلاعات بے بنیاد ہیں، ان کی ہلاکت سے متعلق علم نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن