• news

گلبرگ سے اغوا ہونے والی تین سالہ بچی بازیاب، رکشہ ڈرائیور گرفتار

لاہور (سٹاف رپورٹر + خصوصی رپورٹر) گلبرگ کے علاقہ میں 3 سالہ ننھی بچی کو اغوا کے فوری بعد بازیاب کروا لیا گیا۔ پولیس نے اغوا کار رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ 3 سالہ لائبہ والدین کے ساتھ نیشنل پارک میں گھومنے آئی تھی جہاں اسے رکشہ ڈرائیور احسان نے اغوا کرلیا۔ احسان بچی کو لے جارہا تھا کہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں پولیس نے ناکے پر احسان کو روک لیا اور پوچھ گچھ کے دوران حالات مشکوک ہونے پر اسے تھانے لے گئے۔ اسی دوران ایس ایچ او گلبرگ ذوالفقار بٹ بھی تھانہ فیکٹری ایریا پہنچ گئے اور بچی کو دیکھتے ہی معلومات لیں تو معلوم ہوا ہے کہ یہ بچی چند گھنٹے پہلے ہی اغوا ہوئی ہے جس پررکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم نے دوران تفتیش بچی کے اغوا کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے بچی والدین کے حوالے کردی جبکہ رکشہ ڈرائیور سے مزید تفتیش جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 3سالہ بچی لائبہ کی فوری بازیابی پر آئی جی پولیس، ڈی آئی جی آپریشن اور متعلقہ پولیس پارٹی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے پولیس پارٹی کے لئے نقد انعامات کا اعلان کیاہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز گلبرگ سے اغوا اور بازیاب ہونے والی بچی اور اس کے والدین سے ملاقات میں کہاکہ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے بچی کو بازیاب کر ا کے فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے بچی کے والدین کو بازیابی پر مبارکباد بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی ایس پی او رایس ایچ او گلبرگ کے لئے تعریفی اسناد جبکہ اے ایس آئی تھانہ فیکٹری ایریا کے لئے 50ہزار روپے اور کانسٹیبلوں کے لئے25، 25 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن