• news

لاکھوں کی وارداتیں، مزاحمت پر لاہور میں 2 چینی خواتین، پھولنگر میں اے ایس آئی زخمی

لاہور + پھولنگر + فیروز والا (نامہ نگار + نمائندگان) لاہور میں لاکھوں کی وارداتیں‘ مزاحمت پر 2 چینی خواتین کو زخمی کر دیا۔ رائے ونڈ میں چار ڈاکوئوں نے مزمل حسین اور اس کے ڈرائیور کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر سے 5 لاکھ روپے کی پولٹری فیڈ اور 18 لاکھ روپے کا مزدا ٹرک چھین لیا۔ ڈاکوؤں نے فیصل ٹائون میں ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور سے 8 لاکھ 75 ہزار، جنوبی چھائونی کیولری گرائونڈ میں الیاس کے گھر اہلخانہ کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6 لاکھ روپے، فیصل ٹائون میں فضل اور اس کی فیملی سے 5لاکھ روپے، اقبال ٹائون میں شاہد اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ روپے، نواں کوٹ میں عمران اور اس کی فیملی سے3 لاکھ روپے، ٹائون شپ میں ارسلان اور اس کی فیملی سے 3لاکھ روپے، مسلم ٹائون میں کرنل عبدالواحد اور اس کی فیملی سے2 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے باغبانپورہ دبئی پارک میں قیصر کے گودام سے 2 لاکھ 65 ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں ارسلان اکرم اور اس کے دوست سے ایک لاکھ 20 ہزار‘ موبائل فون، نواب ٹائون میں علی عباس اور اس کے دوست سے ایک لاکھ‘ موٹرسائیکل، کوٹ لکھپت میں خالد کی دکان سے 80 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ستوکتلہ سے ڈاکٹر اخوان، جوہر ٹاؤن سے عدیل کی کاریں جبکہ گڑھی شاہو سے شہزاد، گلشن اقبال سے علی حیدر، ملت پارک سے شعیب، باغبانپورہ سے الیاس، ڈیفنس اے سے نوید، شادمان سے حسن، فیصل ٹائون سے انور، گلبرگ سے باسط کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں گارڈن ٹاؤن کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر دو خواتین سمیت پانچ چینی باشندوں پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر دو چینی خواتین شدید زخمی ہو گئیں جبکہ ڈاکو غیر ملکی کرنسی، پاسپورٹ و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ اس واقعہ کے بعد پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے غیر ملکی خواتین کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے دو چینی خواتین ینگ ژاؤ، روسیو ژاؤ اورتین چینی مرد اشاؤلنگ، ڈاؤنگ ینگ جین، ہینگ ینگ اسلام آباد آئے جس کے بعد وہ پانچوں لاہور آگئے اور وہ گارڈن ٹاؤن میں ایک مقامی ہوٹل میں رہائش پذیر تھے۔ وہ پانچوں گزشتہ روز کلمہ چوک کی طرف جارہے تھے موٹرسائیکل پر سوار دو نقاب پوش ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اور خواتین سے بیگ چھیننے کی کوشش کی مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر دونوں چینی خواتین زخمی ینگ ژاؤ، روسیو ژاؤ شدید زخمی ہو گئے جبکہ ڈاکو ان کے بیگ لے کر فرار ہو گئے جس میں غیر ملکی کرنسی، پاسپورٹ و دیگر سامان تھا دونوں زخمی غیر ملکی خواتین کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد کیلئے بھجوا دیا گیا۔ واضح رہے اس دوران عزم پاکستان کی پریڈ بھی لبرٹی میں جاری تھی، جہاں تمام پولیس مصروف تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد پولیس افسران نے شہر کی ناکہ بندی کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں بنا دی گئی ہیں، یہ شبہ بھی کیا جا رہا ہے یہ دہشت گردی کا واقعہ ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ نمبر 260/15 درج کر لیا ہے۔ دریں اثناء پھول نگر سے نامہ نگار کے مطابق پھول نگر‘ ملتان روڈ پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کو لوٹنے والے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر سب انسپکٹر کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا، تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا۔ چوکی چک جھمرہ کا انچارج سب انسپکٹر نصیر احمد اے ایس آئی عباد علی اور کانسٹیبل شاہد کے ہمراہ مقدمہ قتل میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے گزشتہ روز پتوکی کے نواحی علاقے میں آیا واپسی پر رات ساڑھے بارہ بجے خانکے موڑ کے قریب پانچ ڈاکوؤں نے روک کر ڈرائیور شبیر سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا سب انسپکٹر نصیر نے مزاحمت شروع کر دی جس پر ڈاکوئوں نے فائر کھول دیا گولیاں پیٹ میں لگیں۔ علاوہ ازیں فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر مریدکے میں ڈاکوؤں نے سمیع اللہ کی کار سوار فیملی کو روک کر لوٹ لیا۔ زیورات اور نقد ڈیڑھ لاکھ چھین لی۔ قاضی پارک میں دکاندار ضیا الحسن کو زخمی کر کے ایک لاکھ 60 ہزار روپے چھین کر لے گئے۔ مریدکے میں عامر علی کی کار اور ارشد علی کی موٹرسائیکل چوری ہو گئی۔ کوٹ عبدالمالک میں ٹرالہ چوری ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن