صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات کی جائے، سیاسی جماعت کو جرائم پیشہ کی پشت پناہی نہیں کرنی چاہئے: شاہ محمود
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ کو کامیاب بنانا ہوگا اور کسی بھی سیاسی جماعت کو جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی نہیں کرنی چاہئے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کے جو ویڈیو پیغام میں سنجیدہ الزامات عائد کئے گئے جس کی زد میں ایم کیو ایم کی قیادت آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جرائم میں ملوث ہیں انکی کسی سیاسی جماعت کو پشت پناہی نہیں کرنی چاہئے۔ تحریک انصاف مقبول جماعت ہے اور کراچی کے عوام اسے ایم کیو ایم کے متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ہم کراچی میں پارٹی کو مضبوط بنا رہے ہیں اور کراچی کے عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے۔