• news

کمالیہ: تحریک انصاف کا کارکن قتل‘2 بھائی زخمی‘ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر مظاہرہ

کمالیہ (نامہ نگار) رکشہ کھڑا کرنے کے تنازعہ پر کلہاڑیوں کے   وار کر کے پی ٹی آئی کے کارکن کو قتل کر دیا، دیگر دو بھائی شدید زخمی ، ایک کی حالت تشویشناک دو ملزم گرفتار، ورثا نے نعش کو مین روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق  کمالیہ کے محلہ بگائی والا میں رکشہ کھڑا کرنے کے تنازعہ پر ملزمان مدثر ، وسیم وغیرہ سات افراد کا شاہد شاہ ، عارف شاہ اور شہباز شاہ سے جھگڑا ہوا جس پر ملزمان مدثر، وسیم وغیرہ سات افراد نے کلہاڑیوں کے وار کر کے تینوں بھائیوں کو شدید زخمی کر دیا۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تحریک انصاف کارکن شاہد شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے دو بھائی عارف شاہ اور شہباز شاہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں تحصیل  ہسپتال کمالیہ میں داخل کر ادیا گیا۔ ایک نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے فوری بعد ورثا ء نے لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ تھانہ سٹی پولیس کمالیہ نے سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء سابق امیدوار قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف چودھری محمد سرور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن